مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بھارتی وزیر خارجہ بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگیں

مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور معصوم کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے والے بھارت کی وزیر خاجہ نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کردیئے۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے خلاف خوب زہر اگلا۔ سشما سوراج نے کہا کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا کیونکہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق دوٹوک موقف پر سشما سوراج نے کہا کہ پاکستانی رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی سکیورٹی صورتحال پر غلط بیانی سے کام لیا۔ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کو امن کی بجائے صرف انتہا پسندی دی جبکہ پاکستان وہاں عدم استحکام چاہتا ہے۔ اس سے قبل بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا۔ اس دوران حریت رہنماؤں اور کشمیری تاجروں نے بھارتی وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔ حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ بھارتی وزیر داخلہ ماضی میں بھی ایسے دھوکے دیتے رہے ہیں۔