لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے

Jul 24, 2016 | 13:16

اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں کی جانیں نگلنے لگا۔ لاہور کے علاقے داروغہ والا میں منصوبے پر کام کے دوران ڈمپر رکشہ اور موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں موٹر سوار اور رکشے میں موجود چار افراد موقع پر جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس حادثے کی جگہ پر پہنچ گئی اور ڈمپر کو قبضے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ زخمی ہونے والے تین افراد کو طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں ملازم علی ،احمد شاہ ،نعمان اور ایک نامعلوم شخص شامل ہے جبکہ زخمیوں مین عامر ،وسیم ،شمیم بیبی اور رزاق شامل ہیں۔ حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ مرنے والوں کے لواحقین اور مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت سے ملزم کی فوری گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ مظاہرین نے پولیس سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔ ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق ڈمپر ایک نجی کمپنی کے زیر استعمال تھا۔

مزیدخبریں