ہری پور میں ٹریفک کے حادثہ میں ماں بیٹا جاں بحق، دو خواتین سمیت 6 افراد شدید زخمی
ہری پور میں ناڑیاں دا کٹھہ کے مقام پر کیری سوزوکی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت چھ افراد شدید زخمی ہو گئے، حادثہ میں کیری سوزوکی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق و زخمی افراد کو کھائی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ تفصیلات کے مطابق خالد ولد محمد صادق اپنی فیملی کے ہمراہ کیری سوزوکی نمبر ایل ایچ آر 9598- پر ہری پور کی جانب آ رہا تھا کہ چھجیاں روڈ ناڑیاں دا کٹھہ کے قریب کیری سوزوکی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں مسماة سفیداں بی بی زوجہ نیاز محمد، اس کا بیٹا ندیم نیاز موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دختر مسماة گل فرین، نوید نیاز، نثار نیاز پسران نیاز محمد، مسماة گل ناز زوجہ وقاص، امیر خان ولد کالا خان اور شہباز ولد اشرف شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد نے جاں بحق و زخمی افراد کو کھائی سے نکال کر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔