پاکستان،امریکہ کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح کیا کہ باہمی تعلقات برابری اور بھروسے کی سطح پر ہوں گے، پاکستان اور امریکہ کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے، نائن الیون کے بعد پاکستان امریکہ تعلقات میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، دورہ امریکہ کا مقصد یہاں کے لوگوں کو پاکستان کے بارے میں صحیح آگاہی دینا ہے، فوج سمیت تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کیپٹل ہل میں اراکین کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو خطے کی صحیح صورتحال سے آگاہ کیا، دورہ امریکہ کے بعد دوطرفہ تعلقات سچائی اور بھروسے پر مبنی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمی پائی جاتی تھی، امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کیا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں، ماضی کی حکومتوں نے امریکہ کو زمینی حقائق سے صحیح آگاہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جغرافیائی لحاظ سے دنیا بھر میں اہم مقام حاصل ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی کیپٹل ہل آمد پر اراکین کانگریس نے ان کا پرجوش خیرمقدم کیا اور وزیراعظم کو اردو میں خوش آمدید کہا، اس موقع پر اراکین کانگریس کی بڑی تعداد موجود تھی، وزیراعظم نے اراکین کانگریس کے ساتھ مصافحہ کیا۔ وزیراعظم سے ارکان کانگریس کا تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقبول ہیں