چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد، حکومت فضل الرحمان کو منانے میں ناکام

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں حکومتی وفد اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان ملاقات بے نتیجہ رہی جہاں مولانا کے انکار کے باوجود حکومتی وفد بہتری کے لیے پرامید دکھائی دیا۔اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ حکومتی وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں اپوزیشن اور حکومتی وفد کے درمیان چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد آچکی ہے جس کا فیصلہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اب بہت لمبا سفر طے کرچکی ہے، کیسے ممکن ہوگا کہ اب حکومتی وفد کی خواہش پوری کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد واپس لے لی جائے۔