نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
عدالت نے سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پیر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل چاقو برآمد کیا گیا، ملزم سے برآمد کیا گیا پستول اور آہنی مکا بھی قبضے میں لیا ہے،ملزم کا موبائل بھی ریکور کرنا ہے، زیادہ سے زیادہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔مدعی کی جانب سے شاہ خاور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم ظاہر جعفر کا دو روزہ مزید جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ، عدالت نے ملزم کو پیر کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم کے قتل کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے