عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔ شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔تنازعہ جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی بھی موقف ہم اور پوری قوم مسترد کرتی ہے۔ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری بیان میں کیا۔ میاںمحمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تنازعہ جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے اور کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے!عمران نیازی کے بیان سے وہ خدشات ثابت ہورہے ہیں جو 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات سے قوم کے سامنے پہلے ہی آچکے ہیں۔ جبکہ اپنے ایک اور ٹوئٹر بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کی جانب سے مریم نواز شریف کے خلاف قابل شرم زبان کے استعمال سے انتہائی تکلیف پہنچی ہے۔ علی امین گنڈاپور کے الفاظ نہ صرف متشددانہ ہیں بلکہ عورت سے نفرت کا اظہار بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اندازہ لگائیں کی ایسی زبان استعمال کرنے والوں کو 220ملین افراد پر حکمرانی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔