ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا

بی بی سی کی رپورٹ کے بعد ایم کیو ایم کی لندن اور کراچی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، میڈیا کو جاری اعلامیے میں رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ایک محب وطن سیاسی جماعت ہے اوروہ پاکستان کی یکجہتی اوراستحکام پر کامل یقین رکھتی ہے، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پر ماضی میں جناح پور سازش سمیت متعدد الزامات لگائے گئے جو بعد میں جھوٹے ثابت ہوئے، رپورٹ میں سامنے آنے والے الزامات ’’پاکستانی ذرائع‘‘ کی جانب سے لگائے گئے ہیں جس سے ان الزامات کی حقیقت واضح ہوجاتی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ پاکستان اور دنیا کی نظرمیں ایم کیوایم کی ساکھ خراب کرنے کی مہم کا حصہ ہے، برطانوی صحافی نے ماضی میں بھی ایم کیو ایم کے خلاف متعدد رپورٹس نشر کیں جنہیں ایم کیوایم کے مخالفین نے ایم کیوایم کے خلاف سیاسی حربے اور میڈیا ٹرائل کیلئے استعمال کیا، رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کارکنان ، بی بی سی کی گمراہ کن رپورٹ پر ،پرامن رہتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں۔