کراچی میں ایک بارپھر پولیس اہلکار دہشت گردوں کے نشانے پر
عید سے پہلے دہشتگردوں نے گھناؤنی کارروائیاں شروع کردیں، کراچی میں ایک بار پھر پولیس اہلکار دہشتگدوں کے نشانے پرآگئے، سائٹ ایریا میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار شہید ہوئے، وقت نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی میں حملہ آووروں کو پولیس پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ شہید ہونے والے چاروں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی جس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ سمیت اعلی حکام نے شرکت کی، پولیس کے خصوصی دستے نے شہید اہلکاروں کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، شہدا کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا، آئی جی سندھ نے شہدا کے ورثا کیلئے امداد کا اعلان اور بچوں کو محکمہ میں ملازمت دینے کا اعلان کیا۔
دوسری طرف واقعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، سب انسپکٹر محمد اشرف مغل کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، سائٹ تھانہ کی حدود میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی محمد یوسف، کانسٹیبلز شبیر، خالد اور اسرار شہید ہو گئے تھے۔