ملک بھرمیں آپریشن ردالفساد بھرپورانداز سے جاری. پشاورمیں فورسز کی مشترکہ کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک
ملک بھر سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ردالفسار کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کے علاقے متھرا میں فورسز اور پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے فورسز کا ایک جوان اورتین پولیس اہلکارزخمی بھی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے بلوچستان کے تین علاقوں ڈیرہ بگٹی، کاہان اور پشین میں مشترکہ کارروائی کی۔اس دوران کالعدم تنظیم کے تین کیمپ مسمار کردئیےگئے جبکہ دیسی ساختہ آئی ڈیز برآمد کرکےناکارہ بنادی گئیں۔ادھر پشین کے علاقے حرمزئی میں کی گئی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ ملک کےدیگر شہروں میں بھی آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں کی گئیں۔ فیصل آباد، گوجرہ اور جڑانوالہ میں رینجرز، سی ٹی ڈی اورپولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی کےدوران بارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے مشتبہ علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرآپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔