جے آئی ٹی سے سوال پوچھا کہ کیا میں نے کوئی خزانہ لوٹا ہے؟ لیکن ارکان جواب نہیں دے سکے:وزیراعظم نوازشریف

لندن ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاناما کیس میں جے آئی ٹی جو کچھ کر رہی ہے وہ انکی سمجھ سے باہرہے۔ انکی تاریخ واٹس ایپ سے شروع ہوتی ہے اور اب تک چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا جے آئی ٹی سے سوال پوچھا کہ کیا میں نے کوئی خزانہ لوٹا ہے؟ لیکن ارکان جواب نہیں دے سکے۔ یہ کیسا احتساب ہے بھئی یہ تو مذاق ہے۔ جے آئی ٹی صرف انکے ذاتی کاروبارکے گرد گھومتی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اور کچھ نہیں تو الزام کی حد تک ہی ان کیخلاف کوئی ثبوت سامنے لایا جائے۔ لیکن انکو الزام کی حد تک بھی کوئی ثبوت نہیں ملتا۔ پاکستان اور ہمارا وقت ضائع کیا جارہا ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت پر برا اثر پڑا۔ بڑی مشکل سے ہم نے معیشت کو درست کیا ہے۔ جب ترقی ہوتی ہے یہ دشمن پاکستان کی ترقی کے خلاف ہوجاتے ہیں۔ سیاسی مخالفین دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں شکست کو برداشت نہیں کرسکے۔