بھارت نے مذہبی عدم برداشت سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کردی
امریکی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے اعتراض اٹھایا کہ کسی بھی غیر ملک کو ہمارے ریکارڈ پر تنقید کرنے کا حق نہیں ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذہبی آزادی سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا کہ گائے کو تحفظ فراہم کرنے کے نام پر مسلمانوں اور دلت پر حملے کیے گئے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2014 میں نریندرمودی کے برسراقتدار آنے کے بعد میسح برادری کے پیروکاروں کو تبدیلی مذہب پر زور دیا گیا۔ امریکی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ بھارتی اعداد وشمار میں واضح ہے کہ گزشتہ 2 برسوں میں لسانی فسادات کی تعداد میں اضافہ ہوا لیکن نریندرمودی کی انتظامیہ نے مذکورہ مسئلے کے حل پر کبھی توجہ نہیں دی۔ اس حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ نے رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی غیرملک کو ہمارے شہریوں کے بارے میں رائے قائم کرنے کا حق نہیں جہاں انہیں آئینی تحفظ حاصل ہے۔