یورپی یونین کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد تذویراتی منصوبے پراتفاق ہوگیا:وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ یورپی یونین کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد ایک تذویراتی منصوبے پراتفاق ہوگیاہے۔برسلزروانگی سے قبل اسلام آبا د میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ کل امورخارجہ اورسیکیورٹی پالیسی کے لئے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ فیڈریکاموغرینی کے ساتھ اس معاہدے پردستخط کریں گے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ اس معاہدے سے یورپی یونین کے ساتھ طویل مدتی تعاون کا آغازہوگا جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔انہوں نے کہاکہ دورے کے موقع پر وہ برسلزمیں نیٹو کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریںگے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نیٹو سے تعاون کررہاہے اورافغانستان سے متعلق امور میں امریکہ اور نیٹو فورسز کے ساتھ مثالی تعاون کیاہے۔شاہ محمودقرشی نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کرداراداکیا ہے اورنیٹو نے اس حقیقت کااعتراف کیاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیںکہ نیٹو کے ساتھ دفاع اورسلامتی کے امور میں ہمارے تعلقات جاری رہنے چاہئیں۔