معصوم فرشتہ کا قاتل قانون کی گرفت میں ہے، فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے معصوم فرشتہ کے قاتل کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ معصوم فرشتہ کا قاتل قانون کی گرفت میں ہے۔ یہ ہے عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان جہاں قانون کا یکساں اطلاق ،فوری عمل داری اور اداروں کا استحکام یقینی بنایا جا رہا ہے وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایسی قبیح حرکت کرنے والے کو مثالی سزا سے ہی معاشرے کو زندگی ملتی ہے اور دل دہلا دینے والے واقعات کا تدارک ممکن ہے۔ فردوس عاشق نے ٹوئٹ میں کہا کہ اسلام آباد پولیس کو شاباش دیتے ہیں جس کی محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے نتیجے میں گھناؤنے جرم کا مرتکب گرفتارہے۔ واضح رہے کہ بائیس جون کو ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد وقار الدین سید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فرشتہ قتل کیس کے مرکزی ملزم نثار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ نامی دس سالہ بچی کو پچھلے ماہ اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے بد ترین غفلت کا مظاہرہ کیا، بعد ازاں ملزمان نے فرشتہ کی لاش قریبی جنگل میں پھینک دی تھی