چمچماتی ٹرافی کیلیے فیصلہ کن جنگ کا نقارہ بج گیا، سلطانز اور زلمی مکمل تیار
ابو ظہبی: پی ایس ایل کے مقابلوں کی سنسنی خیزی آخری مقابلے میں سمٹ آئی، چمچماتی ٹرافی کیلیے فیصلہ کن جنگ کا نقارہ بج گیا جب کہ سلطانز اورزلمی مکمل تیار ہیں۔پاکستان سپر لیگ 6 کی چیمپئن ٹیم کے فیصلے کا وقت آگیا، فائنل جمعرات کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،فاتح ٹیم کو ساڑھے7 کروڑروپے کی انعامی رقم ملے گی،رنزاپ کیلیے تین کروڑ کا چیک تیار ہے، بہترین بولر، فیلڈر اور وکٹ کیپر 8،8 لاکھ روپے وصول کریں گے، اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کیلیے 32 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔فائنلسٹ ٹیموں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینے کے بعد اپنا اعتماد بلندیوں تک پہنچایا، محمد رضوان الیون نے کوالیفائر میں اسلام آباد کو 31 رنز جبکہ وہاب ریاض الیون نے کراچی کنگز کو5 وکٹ سے زیر کرنے کے بعد ایلیمنٹر ٹو میں اسلام آباد کو 8 وکٹ سے مات دی تھی۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم کنڈیشنز سے آگاہ اور چیلنجز کیلیے تیار ہیں، تمام کھلاڑی ٹائٹل جیتنے کیلیے پْرعزم ہیں، امید ہے کہ ٹیم اہم ترین میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔پشاور زلمی کے قائد وہاب ریاض نے کہا کہ فائنل میں پہنچنا اعزاز کی بات ہے، ٹیم کے ہر کھلاڑی نے فتوحات میں حصہ ڈالا،ہم کامیابی حاصل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے، اس کے لیے تمام شعبوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔