آسٹریا کا دارالحکومت ویانا رہائش کیلئے دنیا کا سب سےبہترین شہر

لندن : برطانوی میگزین دی اکانومسٹ کے انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ویانا ایک بار پھر رہائش کے لیے دنیا کے بہترین شہر کے طور پر پہلے نمبر پر آگیا ہے جبکہ کراچی رہنے کیلئے بدترین شہروں میں 5 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت نے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے بہترین شہر کا ٹائٹل چھین لیا ہے، جو پہلے نمبر سے 34 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، اس کی وجہ کووڈ کی وبا کے دوران شہر میں نقل و حرکت سے متعلق سخت اقدامات ہیں۔کووِڈ کی وجہ سے اپنے عجائب گھروں اور ریستورانوں کی بندش کی وجہ سے ویانا نے پچھلے سال اپنا مقام کھو دیا تھا، لیکن ثقافتی اور سماجی زندگی کے دوبارہ بحال ہونے کے بعد اس نے اپنا مقام واپس لے لیا ہے جو اسے 2018 اور 2019 میں حاصل ہوا تھا۔