الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میر ہزار خان کھوسو کونگران وزیراعظم منتخب کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے دو روزہ مشاورت کے بعد نگران وزیراعظم کا انتخاب کیا ہے۔

نگران وزیراعظم کے انتخاب کے لیے چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کی زیرصدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا۔ جس میں پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں ڈاکٹرعشرت حسین، جسٹس ریٹائرڈ میرہزارخان کھوسواوراپوزیشن کے جسٹس ریٹائرڈ ناصراسلم زاہد سمیت رسول بخش پلیجوکے ناموں پرمشاورت کی گئی۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ میرہزارخان کھوسوکوپاکستان کا نگران وزیراعظم مقررکردیا۔ الیکشن کمشنرفخرالدین جی ابراہیم نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کا انتخاب بہت مشکل مرحلہ تھا، چاروں ہی نامزد امیدوارانتہائی محترم تھے۔ فخرالدین ابراہیم نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخاب کیلئے دو دن چاروں ناموں پرغورکرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے۔