خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں کل سے انسداد پولیو مہم شروع ہوگی
خیبرپختونخوا کے پچیس اضلاع میں کل (پیر) سے تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگی۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق مہم کے دوران پانچ سال تک کے تقریباً 56 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کےلئے27 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہر بچے کو گھر گھرجاکر انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ پولیو ٹیمیں بس اڈوں،ریلوے سٹیشنوں، افغان مہاجرین کے کیمپوں اور دیگر عوامی مقامات پر پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کےلئے دستیاب ہونگی۔ طور خم میں پاک افغان سرحد پر بھی کل (پیر) سے انسداد پولیو مہم شروع ہوگی تاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پھیلنے والے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جاسکے۔ پولیو ٹیموں کےلئے سخت حفاظتی اقدامات کئےگئے ہیں۔