پنجاب اور بلوچستان میں بھی آج سے مکمل لاک ڈاؤن

وزیراعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر گزشتہ روزصوبے میں 14 روز کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جو آج صبح 9 بجے سے نافذالعمل ہوچکا ہے ۔ پنجاب میں آج صبح 9 بجے سے 6 اپریل تک شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند رہیں گی،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہو گی،جبکہ فیملز کو اس سے استثنی حاصل ہو گا۔پنجاب میں 24 مارچ سے 6 اپریل تک عوامی مقامات بھی بند رہیں گے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ بلوچستان نے بھی اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ بلوچستان میں آج دن بارہ بجے سے سات اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ اعلامیے کے مطابق آج دوپہر بارہ بجے سے کوئٹہ اور صوبے بھر میں شہریوں کی کسی بھی قسم کی نقل و حرکت، سمیت ہر قسم کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم صرف ضرورت کا سامان فروخت کرنے والی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہوں گے تمام پبلک و نجی دفاتر بھی دو ہفتوں کیلئے بند رہیں گے، تاہم ضروری سروس کے حامل افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق یہ احکامات آج 24مارچ کی دوپہر 12بجے سے 7اپریل کو دوپہر 12بجے تک نافذالعمل رہیں گے۔ یاد رہے کہ 20 مارچ کو بلوچستان حکومت نے 21 روز کے لئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔