کرونا وائرس، ملک بھر میں تمام بینک برانچز کھلی رہیں گی، اسٹیٹ بینک

کراچی: اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں تمام بینک برانچز کھلی رہیں گی، اسٹاف کو محدود کیا جائے گا، بینک صارفین کو ڈیجیٹل اور آن لائن سروسز کے ذریعے زیادہ سہولیات دیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے کرونا وائرس کی وبا کے باعث وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے شہروں کے لاک ڈاؤن اور بندش کے دوران صارفین کو بلا تعطل بینکاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خاطر تیاری کا جائزہ لینے کے لیے آج بینکوں کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کی اور اس میں بینکوں کے صدور اور اسٹیٹ بینک کے سینئر حکام شریک ہوئے، بینکوں کی مشاورت سے مندرجہ ذیل فیصلے کیے گئے۔ اس مشکل وقت میں بینکاری صنعت سماجی طور پر ذمہ دارانہ بینکاری خدمات فراہم کرے گی اور اپنے صارفین کو ہر ممکن طریقے سے سہولتیں مہیا کرے گی۔ ڈجیٹل بینکنگ اور بلانقد ادائیگیوں اور فنڈز ٹرانسفرز کی ترویج کے لیے پرنٹ اور سوشل میڈیا پر اشتہارات سمیت ابلاغ کے تمام دستیاب طریقوں کو استعمال کرتے ہوئے بینک عوام کو آگاہ کریں گے۔ بینک اے ٹی ایمز کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنائیں گے اور ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے انہیں فعال رکھیں گے۔ بینکوں کے کال سینٹرز اور ہیلپ لائنز کو بھی ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے فعال رہنا چاہیے اور شکایات کا بروقت ازالہ کیا جانا چاہیے۔