نواز شریف میرے سمیت ساری قوم کو بیوقوف بنا کر باہر گئے۔ شیخ رشید

وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن اللہ تعالیٰ کی طرف سے عمران خان کے لئے بہتری کے رستے بناتی ہے۔ یہ فیصلہ کہ لاہور کا خاندان سلیکٹڈ ہے یا لاڑکانہ کا خاندان سلیکٹڈ ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر (ن)لیگ سے ہو گا یا پی پی پی سے ہو گا، مجھے تو مولانا فضل الرحمان کی حالت پر ترس آتا ہے، ان کی سیاست خلاء میں لٹک رہی ہے، قوم یاد رکھے کہ اسلام آباد، لاہور ، کراچی اور پشاور میں ریڈ الرٹ بھی ہے اور یہ میں کسی کو ڈرانے کے لئے نہیں کہہ رہا۔پی ڈی ایم ٹائیں، ٹائیں فش ہو چکی ہے، اگر کوئی صحافی پی ڈی ایم میں شامل 11جماعتوں کا نام بتا دے تو میں 500روپے انعام دوں گا اور شیخ کا500روپیہ 5000کے برابرہوتا ہے۔ اڑھائی پارٹیاں ہیں، آدھی مولانا فضل الرحمان کی ، ایک پی پی پی اور ایک (ن)لیگ۔ ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ مریم نواز نے خود تو حفاظتی ضمانت کروالی ہے اور لوگوں کو کہہ رہے ہیں وہ عدالت کے باہر آئیں، یہ 26مارچ خفت مٹانے جارہے ہیں اور قوم دیکھ لے گی ان کے ساتھ کتنے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں13سے14فیصد کورناہوچکا ہے، مجھے نہیں پتا تھا کہ یہ لاہور میں ہی لانگ مارچ کرنے جارہے ہیں اور اپنے ہی گھر میں شو آف پاور کررہے ہیں، پنجاب حکومت نے امن وامان کے خطرے کے پیش نظر رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی تھی اس کی آج ہم نے منظوری دیدی۔ انہوں نے کہا کہ جینوئن سیاستدان ہوتا ہے وہ عوام کی ڈھال ہوتا ہے وہ عوام کو ڈھال نہیں بناتا، نواز شریف میرے سمیت ساری قوم کو بیوقوف بنا کر باہر گئے، بڑا سیاستدان وہی ہوتا ہے جس کا ظرف بڑا ہوتا ہے وہ ملک میں جیتا ہے اور ملک میں مرتا ہے، 26تاریخ کو یہ اپنے ہی اکھاڑے میں دنگل کرنے جارہے ہیں۔ قوم یاد رکھے کہ اسلام آباد، لاہور ، کراچی اور پشاور میں ریڈ الرٹ بھی ہے اور یہ میں کسی کو ڈرانے کے لئے نہیں کہہ رہا۔ غریب کی جان بھی اتنی ہی قیمتی ہے جتنی شیخ رشید کی قیمتی ہے۔ یہ اپنی شو آف پاور عمران خان کو نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کو دکھانا چاہ رہے ہیں جو مرضی کر لیں، میں جو سیاسی کارکن کی حیثیت سے سمجھتا ہوں پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی۔ کرنا انہوں نے لانگ مارچ ہی ہے جس کی ریہرسل26مارچ کو کرکے دیکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ قانون اس وقت تک حرکت میں نہیں آئے گا جب تک کوئی اسے ہاتھ میں نہ لے۔ یہ میں 26کی شام کو بات کروں گا کہ ان کے لئے کتنے لاکھ لوگ نکلیں گے اور یہ ایکسپوز ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے میں بہت اچھی خبر دینا چاہتا ہوں کہ آج ہم نے فائنل کردیا ہے ایک تو ہم میڈیا سٹی بنا نے جارہے ہیں اور مالکان کے لئے چار، چار چینلوں کو ہم ایک جگہ اکٹھا کرنے جارہے ہیں، اور اسلام آباد، راوالپنڈی کے تمام صحافیوں کو اور ان کی منتخب یونینز فیصلہ کریں گی کہ جن کے پاس پہلے رہائشی بندوبست نہیں ہے وزارت داخلہ نے سی ڈی اے کو فائنل نوٹس اور ہدایات دے دی ہیں حالانکہ عامر بڑا اچھا آدمی ہے وہ چاہتا تھا کہ آج ہم چینل کا اعلان کر دیں اور صحافی بعد میں انائونس کریں لیکن میں نے کہا کہ آپ اتنے سمارٹ نہیں ہیں ، دونوں اعلانات وزیر اعظم عمران خان اکٹھے کریں گے۔ کوشش کریں گے کہ رمضان کے دوران چینل سٹی سینٹر کی درخواستیں بھی لے لیں اور صحافیوں کی بھی لے لیں۔ کابینہ کے ارکان میں اضافہ ہو گا تاہم وزارتوں کی تبدیلی میں نہیں دیکھ رہا۔ سوئس اکائونٹس آج نہیں کھلیں گے تو کل کھلیں گے۔ جب تک آدمی مرتا نہیں کیس ختم نہیں ہوتا، حکومتیں آتی ہیں، حکومتیں چلی جاتی ہیں ، جب تک آدمی مرتا نہیں ہے کیس ختم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے10سینئر رہنمائوں پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ انہیں تمام جماعتوں سے بات کرنی چاہئے، بعض لوگ مجھ پر خفا ہوتے ہیں اور میرے بہت قریبی دوست مجھ پر خفا ہوتے ہیں ، نوابزادہ نصراللہ خان نے ایک سے زائد مرتبہ کہا کہ بات چیت کے دروازے نہیں بند ہونے چاہئیں جو لوگ بات چیت کے دروازے بند کرنا چاہتے ہیں وہ اپنی حفاظتی ضمانتیں کراتے ہیں اور لوگوں کو کہتے ہیں عدالت کے آگے پہنچو، اس طرح سیاست ہوتی ہے۔ عمران خان نے کو رکمیٹی میں ، ترجمانوں کی میٹنگ میں ، کابینہ میں اور سیاسی کمیٹی میں سب کو چیلنج دیا کہ ہم نے مہنگائی کو ختم کرنا ہے اور اسی سال، ڈیڑھ میں ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے ، چھوٹے لوگوں سے وصولیاں ہوئی ہیں اور بڑے چور ابھی للکار رہے ہیں اور مچکار رہے ہیں اور بڑے چوروں سے وصولی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین اس لئے لگوائی کیونکہ کہ چینی ویکسین کیخلاف متضاد خبریں پھیلائی جا رہی تھیں، ہسپتال میں جا کر کورونا ویکسین لگوائی۔شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ اور دیگر تمام بیماروں کی کورونا کی بیماری سے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔