ملک کے بعض اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) نے ملک کے بعض اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔این سی او سی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے اضلاع جہاں کورونا کے کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شفقت محمود کے مطابق این سی او سی نے 15 سے 28 مارچ تک سلیٹڈ علاقوں میں تمام اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز، اکیڈمیز اور مدارس بند کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان ہی اضلاع میں اب 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ صوبے کریں گے کہ کن اضلاع میں اسکول بند کرنے ہیں۔