اقلیتوں کو پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے :وفاقی وزیرنور الحق قادری

مذہبی اموراوربین المذاہب ہم آہنگی کے وفاقی وزیرپیرڈاکٹرنورالحق قادری نے کہاہے کہ اقلیتوں کو پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اوریہاں کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کی عبادات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی پرکوئی پابندی نہیں۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کے تصورکے مطابق جدیدفلاحی ریاست کے قیام کے لئے کام کررہے ہیں جنہوں نے گیارہ اگست انیس سوسینتالیس کو اپنی تقریرمیں تمام مذاہب کے لئے مساوی حقوق کی فراہمی پرزوردیاتھا۔مذہبی امو ر کے وزیرنے کہاکہ عظیم قومیں ہمیشہ اپنے تہواریادرکھتی ہیں اور یوم پاکستان سمیت تمام دن جوش وجذبے اورشان وشوکت سے مناتی ہیں۔قومی غذائی تحفظ کے وزیرسیدفخرامام نے کہاکہ یوم پاکستان ہرفرد کے لئے ملک کی ترقی اور بھلائی کے لئے کام کرنے کے عزم کی تجدیدکاموقع ہے۔