گھر میں گیس لیکج دھماکہ،مالک مکان زخمی

فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں گیس لیکج دھماکے سے گھر کے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کا آدھا حصہ منہدم ہوگیا جب کہ دوسری منزل محفوظ رہی۔ دھماکے کے نتیجے میں مالک مکان زخمی ہوگیا اور گراؤنڈ فلور پر آگ بھڑک اٹھی۔دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اطراف کے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقہ مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ حکام کے مطابق گھر میں گیس سلنڈر موجود نہیں تھا نہ ہی کوئی گیس پریشر مشین تھی بلکہ دھماکا گندی گلی میں لگے سوئی گیس کے پائپوں میں لیکیج کے باعث ہوا۔ اطلاع ملنے پر پولیس ، رینجرز ، چھیپا اور ایدھی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مکان کا گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کا آدھا حصہ زمین بوس ہوگیا، تاہم اوپری منزلوں پر رہائش پذیر دونوں خاندان خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ریسکیو اہل کاروں نے گراؤنڈ فلور پر رہائش پذیر گھر کے مالک کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ زخمی ہونے والے مکان کے مالک کی شناخت 50 سالہ ارشد کے نام سے کی گئی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق مالک مکان امریکن نیشنل اور گھر میں اکیلا رہائش پذیر ہے۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھا دیا۔فرسٹ فلور کے رہائشی شخص نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور 2 بچیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ دھماکے کے وقت سب لوگ خوش قسمتی سے جس کمرے میں تھے، وہ محفوظ رہا جب کہ فلور کا آدھا حصہ منہدم ہوگیا۔دھماکے میں زخمی ہونے والے مالک مکان ارشد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔