الیکشن منسوخ کروا کے ن لیگ نے پنجاب میں شکست تسلیم کرلی، پرویزالہٰی

صدر پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور رانا ثناء اللہ کی وزارتوں نے جان بوجھ کر الیکشن کیلئے فنڈز اور عملہ فراہم کرنے سے انکار کیا، الیکشن شیڈول منسوخ کروا کے (ن) لیگ نے پنجاب میں اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر اشتیاق احمد خان اور لاہور بار کے صدر رانا انتظار حسین نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق آئینی معاملات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ الیکشن شیڈول منسوخ کروا کے وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے آئین توڑا ہے اور سپریم کورٹ کی توہین کی ہے، حکمران الیکشن ملتوی کروا کے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ک الیکشن کمیشن کا کام الیکشن کروانا ہے، الیکشن روکنا نہیں، الیکشن کمیشن کے پاس الیکشن شیڈول منسوخ کرنے کا کوئی اختیار نہیں، الیکشن کمیشن نے اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کیا ہے، ان شاءاللہ حکومت اور الیکشن کمیشن کو اپنے اس غیر آئینی فیصلے پر سپریم کورٹ میں منہ کی کھانی پڑے گی۔