بلاول بھٹو زرداری کی رمضان المبارک سے قبل واپسی کاامکان

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان آنے کافیصلہ کرلیا ہے،اور رمضان المبارک سے پہلے وطن واپس آنے ک امکان ظاہر کیا جارہاہے،ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی قیادت نے پارٹی کی تنظیم نو کے ساتھ ساتھ ناراض کارکنوں کومنانے کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے اور اس سلسلے میں پرانے کارکنوں کو دوبارہ سے فعال کرنے کےلئے ان کی نئی نسل سے روابط بڑھانے پر غور کیا جارہاہے اور اس سلسلے میں فہرستیں بھی مرتب کی جارہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں پنجاب سے اس کا آغاز کیا جائےگا جہاں پیپلزپارٹی کی الیکشن دوہزار تیرہ میں انتہائی مایوس کن پوزیشن تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بھی جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، رحیم یارخان ، مظفر گڑھ اور لیہ پر فوکس کیا جائےگا اور اس کے بعد شمالی اضلاع کی جانب بڑھاجائےگا۔ ذرائع کے مطابق بلاول کے پاکستان آتے ہی شریک چیئرمین آصف علی زرداری اپنا مسکن لاہور کو بنائینگے اورچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصفہ اور بختاور کے ہمراہ ان اضلاع کے دورے کرکے پارٹی کو فعال کرینگے تاکہ بلدیاتی انتخابات میں خاطر خواہ نتائج حاصل کرسکیں ۔