پاکستان نے زمبابوے کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کردیا

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کا ٹاس زمباوین کپتان ایلٹن چیگمبرا نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں ایک سو پچہتر رنز بنائے-مہمان اوپنرز نے اڑسٹھ رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا،ماساکاڈزا انتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ اوپنر سی بندہ کی گری جنہوں نے انچاس رنز بنائے-کپتان چیگمبرا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نو گیندیں کھیل کر اکیس رنز بنائے جس میں محمد سمیع کی تین گیندوں پر تین چھکے بھی شامل تھے۔ شین ولیمز نے بتیس شاندار اٹھاون رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے- پاکستان کی جانب سے محمد سمیع، انور علی، بلاول بھٹی اور شاہد آفریدی مہنگے باؤلرز ثابت ہوئے،شاہد آفریدی اور شعیب ملک اور سمیع کے حصے ایک ایک وکٹ آئی۔ جواب میں پاکستان ٹیم مقررہ ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو اسے پہلا نقصان احمد شہزاد کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو حسب روایت سترہ گیندیں کھیل کر صرف اٹھارہ سکور بنا سکے، نعمان انور نے اٹھارہ شعیب ملک سات اور عمر اکمل تیس رنز بنا سکے۔اپنا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے مختار احمد نے چالیس گیندوں پر باسٹھ رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، انہوں نے ایک چھکا اور چھ چوکے لگائے- آخری لمحات میں میچ زمبابوے کی طرف جھکتا ہوا دکھائی دیا، لیکن بلاول بھٹی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں دو گیند قبل ہی میچ ختم کردیا، میچ کے اختتام پر احمد مختار کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔