بھارتی قابض افواج کشمیرمیں انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہیں، ملیحہ لودھی
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں سلامتی کونسل کی ناکامی کی قیمت معصوم لوگوں کواپنی جان سے چکانی پڑ رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیرڈاکٹرملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں تنازعات میں عام شہریوں کے تحفظ پرمباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج کشمیر میں انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام مروجہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی پامالی کی ہے، بھارتی مظالم کو اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹراور دیگر اداروں نے بھی قلمبند کیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشمیرمیں رائج کالے قوانین کی آڑمیں بھارتی افواج نہتے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں سلامتی کونسل کی ناکامی کی قیمت معصوم لوگوں کو اپنی جان سے چکانی پڑ رہی ہے