سندھ بھر میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144نافذ
سندھ بھر میں ایک ماہ کے لئے دفعہ 144نافذ کردی گئی۔محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق آئی جی سندھ پولیس کی جانب سے سفارش کی گئی کہ سندھ میں مختلف ریاستی مخالف عناصر کی جانب سے کچھ عرصہ میں دہشت گردانہ کارروائیاں کی گئی ہیں اور اب ایک گروہ سندھ میں مختلف مقامات پر دھرنا اور ریلی نکالنے کا منصوبہ بنارہا ہے اور سندھ کے مختلف شہروں کو جام کرنے کی کوشش کی جائے گی، اس سلسلہ میں دفعہ 144نافذ کی جائے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا اور سندھ بھر میںدفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت سیاسی اوردیگر عناصر جو کاروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اس کی روک تھام کی جاسکے گی ، سڑکوں کو بلاک کرنے ، دھرنے اور اجتماع کی ممانعت ہو گی ، پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہو گی جبکہ کسی بھی اجتماع یا مظاہرے پر پابندی ہو گی۔ یہ پابندی 30روز کے لئے لگائی گئی ہے۔متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او اس حوالہ سے کارروائی کرسکے گا۔