فتنہ ٹولے کے شر سے حکومت عوام کو محفوظ رکھے گی:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے اعلان پر کہا ہے کہ خونی مارچ، فساد اور فتنے کا اعلان ڈنکے کی چوٹ پر کیا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کل سے ایک فسادی اور فتنہ ٹولہ ڈرامے بازی پر اتر آیا ہے، ان کا کام ہی یہ ہے، اقتدار پر رہ کر جھوٹ بولو اور کنٹینر پر چڑھ کر ڈرامے بازی کرو اور پھر جھوٹ بولو۔انہوں نے کہا کہ جب سے لانگ مارچ کا اعلان ہوا ہے، اس میں خونی مارچ، فساد اور فتنے کا اعلان ڈنکے کی چوٹ پر کیا جا رہا ہے، اس پر آج وفاقی اور پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور شہریوں، تاجر، اسکول کے بچوں اور تمام شہریوں کی کی حفاظت حکومت اور ریاست کی ذمہ داری اور فرض ہے، جس کو مکمل طور پر نبھایا جائے گا اور کوئی خلل نہیں آئے گا۔