عمرایوب اور علی نواز اعوان کے گھروں پر پولیس کے چھاپے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے،وفاقی پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر عمرایوب خان اور پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے تا ہم گرفتار ی نہ ہو سکی ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کے گھر پر بھی رات گئے چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر نہیں تھے۔پولیس نے عمر ایوب کے ملازمین سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد پولیس واپس روانہ ہوگئی۔ سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے بغیر کسی وارنٹ کے میرے گھر پر چھاپہ مارا ہے ، پولیس نے میرے سٹاف کو اغوا کرلیا ۔اولیول کا امتحان دینے والے میرے 16 سالہ بیٹے کو گرفتار کرنے کی دھمکی دی ہے ۔وفاقی پولیس نے رات گئے پی ٹی آئی کے ریجنل صدر اسلام آباد علی نواز اعوان کے گھرپر چھاپہ مارا ہے تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے، گرفتار نہیں ہوسکے، گھر پر چھاپا مارنے کی ویڈیو اور تصاویر منظر عام پر آ گئیں۔