پاک فضائیہ کا 1965 کی جنگ کے ہیرو سکواڈرن لیڈر منیر الدین احمد (شہید)کو خراج عقیدت

سکواڈرن لیڈر منیر الدین احمد (شہید)کی بہادری اور دلیری کو خراج عقیدت پیش کرنے اور انکے عظیم کارناموں کو اجاگر کرنے کی غرض سے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے 1965 کی جنگ کے ہیرو کی یاد میں ایک خصوصی پرومو جاری کیا ہے۔ جنگ کے دوران سکواڈرن لیڈر منیر شہید نے کئی فضائی معرکوں میں حصہ لیا اور دشمن کے قیمتی اثاثوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ 10 ستمبر، 1965 کو انہوں نے ہندوستانی علاقے میں اپنی فارمیشن کی قیادت کی اور بھارتی فضائیہ کے ایک نیٹ لڑاکا طیارے کو مار گرایا۔ 11 ستمبر 1965 کے دن انہوں نے ایک گرانڈ اٹیک مشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جب انکا طیارہ دشمن کی طیارہ شکن توپوں کی ذد میں آیا۔ ان کی انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے اعتراف میں انہیں بعد از شہادت ستارہ جرات کے اعزاز سے نوازا گیا۔