نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں اجلاس، ٹیچنگ ہسپتال و میڈیکل کالج کا دورہ، سہولتوں کا جائزہ لیا
گران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں اجلاس منعقد ہوااور محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے ٹیچنگ ہسپتال و میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا-سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو امن و امان کی صورتحال اور 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں گرفتار شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کے بارے میں بریف کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مفرور شرپسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہر شرپسند جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انوسٹی گیشن اور پراسیکیوشن کے عمل کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔ اجلاس میں موڑ ایمن آباد کے قریب ایک ہزار کنال اراضی پر یونیورسٹی اور نیو ٹیچنگ ہسپتال میں برن یونٹ کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ بینظیر روڈ کے ذریعے گوجرانوالہ کو سیالکوٹ موٹروے سے لنک کیا جائے گا۔ وزیرآباد بائی پاس کی منظوری دے دی ہے اور چن دا قلعہ سے عزیز کراس تک جی ٹی روڈ کو از سر نو تعمیر کیا جائے گا۔گوجرانوالہ سے حافظ آباد اور گوجرانوالہ سے شیخوپورہ روڈ پر جاری کام جلد مکمل کیا جائے گا۔ مرید کے سے کرتار پور اور علی پور چٹھہ سے حافظ آباد روڈ کا کام مکمل کیا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری صحت، گوجرانوالہ کے کمشنر،آر پی او، سی پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔بعد ازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے ٹیچنگ ہسپتال و میڈیکل کالج کا دورہ کیا- محسن نقوی نے آرتھوپیڈک،ایمرجنسی، زچہ و بچہ،ڈائلیسز، آئی سی یو اوردیگر وارڈز کا وزٹ کیااورطبی سہولتوں کا جائزہ لیا-محسن نقوی نے بعض وارڈز میں اے سی چلنے کے باوجود کولنگ نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اے سی چل رہے ہیں لیکن کوئی کولنگ نہیں اور مریض گرمی برداشت کر رہے ہیں۔فوری طور پر اے سی کو ٹھیک کرایا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی -محسن نقوی نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اورطبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا-بعض مریضوں نے مفت ادویات نہ ملنے اور پانی کی قلت کی شکایات کی جس پر نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی اورفی الفورشکایات کے ازالے کا حکم دیا-محسن نقوی نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مریضوں کو ہر صورت مفت ادویات ملنی چاہئیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں علاج معالجے کے ساتھ دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری صحت،گوجرانوالہ کے کمشنر،آر پی اواورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-