پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے دبئی میں شروع ہوگا
دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے دبئی میں شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پورے میچ میں حاوی رہنے کے باوجود پاکستان ٹیم کیویز سے میچ 4 رنز سے ہار گئی تھی۔ تاہم پاکستانی کپتان سرفراز احمد پہلے ٹیسٹ میچ کی غلطیاں نہ دہرانے کے حوالے سے پُرعزم ہیں۔ گذشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سے ابوظہبی ٹیسٹ ہارنے پر مایوسی ہے لیکن دبئی ٹیسٹ میں سب کچھ بھلا کر نئے سرے سے پرفارم کریں گے اور پہلے ٹیسٹ میں جو غلطیاں ہوئیں، انہیں اب نہیں دہرائیں گے۔ دبئی ٹیسٹ کے لیے ٹیم کمبی نیشن میں بھی رد و بدل ہوسکتا ہے اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 3 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔