ملک کے تجارتی خسارے میں چار مہینوں کے دوران 33.52 فیصدکمی
تجارتی خسارے میں رواں مالی سال (2019-20 ئ)کے پہلے چار مہینوں کے دوران 33.52 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک تجارتی خسارے کا حجم 7.77 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 33.52 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں تجارتی خسارے کا حجم 11.69ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس عرصے میں برآمدات کا حجم 7.54 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3.81 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں پاکستانی برآمدات کا حجم 7.27 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ابتدائی چار مہینوں میں درآمدات میں 19.21 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی سے اکتوبر تک کے عرصے میں پاکستان کا درآمدی بل 15.32ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں پاکستان کا درآمدی بل 18.96ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔