ایلس ویلز کی رائے کا سی پیک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک گیم چینجر ہے معاشی طور پر ہماری تبدیلی کا باعث بنے گا، کوئی کہتا ہے کہ سی پیک سے ہمارا قرضہ بڑھے گا تو یہ غلط ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا پاکستان امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کی رائے سے متفق نہیں ہے اس لیے ان کی رائے کو مسترد کر دیا گیا ہے، ایلس ویلز کی رائے کا سی پیک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔شاہ محمود نے کہا پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو پھر سے اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کشمیر کمیٹی چیئرمین فخر امام اور عسکری حکام نے صورت حال سے آگاہ کیا، اب وزارت خارجہ میں اہم اجلاس بلایا جائے گا جس کی صدارت کے لیے وزیر اعظم سے درخواست کی جائے گی، اجلاس میں وزیر اعظم کو آیندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا امریکی کانگریس میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز سے اٹھایا گیا، یورپی یونین میں بھی اس مسئلے کو اجاگر کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ انٹرنیشنل اور یو این آبزرورز کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے، بھارتی سپریم کورٹ میں بھی دیر سے ہی صحیح مگر معاملہ اٹھا ہے، جس نے تقاضا کیا کہ بھارتی حکومت کشمیر پر مؤقف پیش کرے، لیکن بھارتی حکومت اپنی ہی عدالت میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔