ہم خود کو تیار کریں گے، نئی حکمت عملی بنائیں گے اور ٹیسٹ میچ جیتنا چاہیں گے کیونکہ سیریز برابر کرنا بہت ضرور ی ہے: اظہر علی
برسبین ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان اظہر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا مقصد یہی تھا کہ لمبا سکور کریں اور آسٹریلیا کو دباؤمیں لائیں، پہلا سیشن تو اچھا رہا تاہم دوسرے سیشن میں موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور ٹیسٹ میچ میں پیچھے چلے گئے۔انہوںنے کہاکہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ میں ایک بار پیچھے چلے جائیں تو پھر کم بیک کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور ایسا ہی ہمارے ساتھ ہوا۔انہوں نے کہاکہ یقینا ابھی ہمارے پاس دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل کافی دن ہیں، ہم خود کو تیار کریں گے، نئی حکمت عملی بنائیں گے اور ٹیسٹ میچ جیتنا چاہیں گے کیونکہ سیریز برابر کرنا بہت ضرور ی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں بہترین 11 ہی میدان میں اتاریں لیکن یہاں میں یہ ضرور کہوں گا کہ اتنی جلد بیٹسمینوں کے اوپر سوالات اٹھانا اچھا نہیں ہے، ایک ٹیسٹ میچ خراب جانے سے بیٹسمین برا نہیں ہو جاتا۔