بزدار حکومت شریف خاندان کے اس نازک وقت پر نہ سیاست کر رہی ہے، نہ کرے گی:فیاض الحسن چوہان

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بیگم شمیم اختر کی تجہیز و تکفین کے موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے حوالے سے اپنے آفس سے جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ مرحومہ شمیم اختر کے جسد خاکی کے لندن سے پاکستان پہنچنے کی تاریخ طے ہونے پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پرزن رولز 1978 کے رول 545-بی کے تحت متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو کسی بھی قیدی کو 12 گھنٹے تک پیرول پر رہائی دینے کا اختیار حاصل ہے۔ اس سے زیادہ مدت کے لیے پیرول پر رہائی کا فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اس سے پہلے دو سے تین دن، اور بیگم کلثوم نواز کی وفات پر میاں نواز شریف کو پیرول پر پانچ دن کی رہائی کی مثالیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار اور پنجاب حکومت شریف خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ بزدار حکومت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ساتھ تجہیز و تکفین، مذہبی اور خاندانی رسومات کی ادائیگی پر ہر ممکن تعاون کرے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بزدار حکومت شریف خاندان کے اس نازک وقت پر نہ سیاست کر رہی ہے، نہ کرے گی۔