بین الاقوامی سائبر وارفیئر اینڈ سیکیورٹی کانفرنس: مضبوط سائبرسکیورٹی کی اہمیت آج کی ایک مسلمہ حقیقت ہے: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود
بین الاقوامی سائبر وارفیئر اینڈ سیکیورٹی کانفرنس کی اختتامی تقریب: بین الاقوامی سائبر وارفیئر اینڈ سیکیورٹی کانفرنس آج اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی ۔ جناب شفقت محمود، وفاقی وزیر تعلیم اس اختتامی کانفرنس کے مہمانِ خصوصی تھے۔ ایئرمارشل نعمان علی، وائس چیف آف دی ایئرسٹاف ، ایئرمارشل (ریٹائرڈ) جاوید احمد ،وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی اور ایئر وائس مارشل عباس گھمن، ڈایریکٹر جنرل C4I نے معزز مہمان گرامی کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔ سول و عسکری عہدے دار ، تعلیمی اداروں کے اعلٰی عہدے دار، تھنک ٹینک اور سائبرانڈسٹری کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شمولیت اختیار کی۔ وفاقی وزیر تعلیم جناب شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک مسلسل سائبرحملوں کا سامناکررہا ہے اور ایک مضبوط سائبرسکیورٹی کی اہمیت آج کی ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ وفاقی وزیر نے سائبر وارفیئر پر بین الاقوامی کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور سائبر سیکیورٹی انڈسٹری نمائش کے انعقاد پر پی اے ایف اور ایئر یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمائش میں سائبر انڈسٹری کے سرکردہ نمائندوں کی موجودگی ملک میں جدید ٹیکنالوجی لانے میں مدد دے گی۔ وفاقی وزیر نے سائبر سیکیورٹی اکیڈمی کے قیام اور تکنیکی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایئر یونیورسٹی کی سرپرستی کرنے پر پاک فضائیہ کے کردار پر مسرت کا اظہار کیا۔