ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا: مشیر خزانہ شوکت ترین
اسلام آباد : مشیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں گندم، چینی، دالوں اور چکن سمیت دیگر اشیائے خوردنی کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا ۔سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.07 فیصد کا اضافہ ہوا، دس اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 14 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، جبکہ پیاز، آلو، خوردنی تیل سمیت مختلف اشیائے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔سیکرٹری خزانہ نے مزید کہا کہ پنجاب، کے پی اور وفاقی دارالحکومت میں بدستور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے پر مل رہا ہے، صوبائی حکومتوں کی جانب سے گندم کی مسلسل فراہمی سے مزید بہتری آئے گی۔