فاقی وزیر منصوبہ بندی و رہنما مسلم لیگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتوں میں جاکر اپنی بے گناہی ثابت کریں، اگر عدالتیں انہیں رہا کرتی ہیں تو ان کی رہائی ممکن ہوجائے گی، انہیں خود کو مقدمات سے کلیئر کرانا ہوگا، مقدمات سے کلیئر ہوئے بغیر حکومت کسی انتظامی اختیار سے انہیں رہا نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سمیت مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو انتقامی ہتھکنڈوں کا نشانہ بنایا، ہم نے ان جھوٹے اور بوگس مقدموں کے ردعمل میں امریکی کانگریس میں جاکر ان کے کانگریس مین اور سینیٹرز کے پاؤں نہیں پکڑے تھے، نہ ہم نے برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں کسی کے آگے ہاتھ باندھ کر استدعا کی تھی، نہ ہی ہم نے اقوام متحدہ یا کسی بین الاقوامی فورم پر جاکر پاکستان کے خلاف اپنا مقدمہ پیش کیا تھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے اپنے گھر کی جنگ گھر کے اندر قانون اور عدالت کے ذریعے لڑی تھی اور پھر ایک ایک کر کے ہمیں ان مقدمات میں ضمانتیں ملیں اور عمران خان کے دور میں ملیں اور وہ مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے، ہم نے کبھی عمران خان سے مطالبہ نہیں کیا تھا کہ ہمیں رہا کیا جائے، ہم نے اپنے کیس عدالتوں میں لڑے تھے۔
عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتی و قانونی چارہ جوئی ہے: احسن اقبال
Nov 24, 2024 | 16:33