کراچی میں قتل وغارت گری کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس اہلکار اور خاتون سمیت آٹھ افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے۔

کراچی میں کلاکوٹ تھانے کی حدود لی مارکیٹ سے ظہیر نامی نوجوان کی لاش ملی۔ مقتول پولیس لائنز میں وائرلیس آپریٹر تھا۔ ڈاکس تھانے کی حدود مچھر کالونی میں یوسف بنگالی نامی شخص کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ کلفٹن توحید کمرشل سے نوجوان فاروق کی لاش ملی جسے چھریوں کے وار کرکے قتل کیا گیا۔ مقتول شومارکیٹ کا رہائشی تھا۔ منگھوپیر ندی کے پاس لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو تین گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ نارتھ ناظم آباد میں گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والا مذہبی جماعت کا کارکن عبدالوحید اسپتال میں دم توڑ گیا۔ سائٹ ایریا حبیب بنک چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر عامر نامی شخص کو قتل کردیا گیا۔ جیکسن تھانے کی حدود نگینہ سینٹر کے قریب ہوٹل پر فائرنگ سے عاشق حسین نامی شخص ہلاک ہوگیا۔ سچل تھانے کی حدود عباس ٹاؤن میں کامران نامی شخص نے گھر میں کام کرنے والی اٹھارہ سالہ لڑکی آمنہ کو چھریوں کے وار کرکے قتل جبکہ ثمرین کو زخمی کردیا۔ پرانا گولیمار میں مذہبی جماعت کے کارکن کے جنازہ پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ شہر کے دیگر علاقوں میں فائرنگ سے مزید پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب رینجرز نے لیاری سیفی لائن میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی