زیادہ گندم زیادہ خوشحالی: محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کومفید مشوروں کی فراہمی کیلئے ایس ایم ایس ہیلپ لائن کااجراء

فیصل آباد۔24 اکتوبر(اے پی پی )زیادہ گندم زیادہ خوشحالی پروگرام کے تحت محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مفید مشوروں کی فراہمی کیلئے ایس ایم ایس ہیلپ لائن کااجراءکردیاہے اور کہاہے کہ گندم کے کاشتکار کسی بھی وقت ہیلپ لائن نمبر 0304-4000172 پر ایس ایم ایس کرکے گندم کی بمپر کراپ اور اس کی بروقت کاشت کے سلسلہ میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ گندم کی منظور شدہ اقسام کی بروقت کاشت ، شرح بیج کے خصوصی خیال اور کھادوں کے متناسب استعمال سے فی ایکڑ 10من تک اضافی گندم کی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب کے تمام بارانی علاقوں کے کاشتکار چکوال 50، این اے آر سی 2009، بارس 2009، دھرابی 2011 ، پاکستان 2013وغیرہ کی کاشت 15 نومبر تک مکمل کر سکتے ہیں جس کیلئے شرح بیج 50کلو گرام فی ایکڑ سے کم نہیں ہونی چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ گندم کی بمپر کراپ کیلئے متوازن کھادوں کا استعمال بھی اشد ضروری ہے لہٰذا کاشتکار زیادہ اور درمیانی بارش والے علاقوں میں گندم کی کاشت کے وقت 2بوری ڈی اے پی ، ایک بوری یوریا ، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا 5بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، 2بوری یوریا ، آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار مزید معلومات یا مشوروں کیلئے فری ایگری کلچرل ہیلپ لائن پر بھی رات 8بجے تک رابطہ کر سکتے ہیں۔