طاہر القادری نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج میں شرکت کی دعوت قبول کرلی
پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے درمیان آخر کار ڈیڈ لاک ختم ہو ہی گیا, چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا, اس دوران کپتان نے طاہر القادری کی خیریت دریافت کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد احتجاج میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی جسے سربراہ عوامی تحریک نے قبول کرلیا, پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت قبول کرنے کے بعد طاہر القادری نے کہا کہ انہوں نے خرم گنڈاپور کو ٹیلی فون کرکے ہدایت دے دی ہے کہ احتجاج میں شرکت کی تیاری کرلیں, طاہر القادری نے یہ بھی کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف جنگ سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون کبھی نہیں بھول سکتے, سانحہ ماڈل ٹاؤن پر حکومت کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے