کراچی: پاکستان کوارٹرز سے ممکنہ بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے متعدد افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا
سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر پاکستان کوارٹرز میں گھروں کو خالی کرانے کے متوقع آپریشن کی اطلاع پر پاکستان کوارٹر کے مکینوں نے احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی،احتجاج میں خواتین مرد اور بچے بھی شامل تھے۔ علاقہ مکینوں نے پاکستان کوارٹرز کے داخلی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کردیئے۔ بعدازاں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ پولیس کی انسداد ہنگامہ آرائی فورس اور لیڈیز پولیس اہلکار بھی موقع پر موجود تھیں۔ انسداد ہنگامہ آرائی فورس نے پاکستان کوارٹرز میں جانے والا راستہ کھلوانے کی کوشش کی، جس پر مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں اور ہاتھا پائی ہوئی۔ اس موقع پر پولیس نے لاٹھی چارج اور واٹرکینن کا استعمال کیا اور بعدازاں پاکستان کوارٹر جانے والی سڑک کو خالی کرالیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما عامر خان اور کنور نوید جمیل کے علاوہ فاروق ستار اور پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمال صدیقی بھی مظاہرین سے ہمدردی کے لیے موقع پر موجود تھے۔