یاسین ملک ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموںکی تاڈا عدالت میں پیش
نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر قید جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ایک پرانے جھوٹے مقدمے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں کی تاڈا عدالت میں پیش کیا گیا۔ بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ایک سینئر افسر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ محمد یاسین ملک کی ویڈیو کانفرنسنگ کے دران عدالت میں پہلی پیشی کے دوران ان پرقائم مقدمے کے بارے میں دلائل دیے گئے۔ مقدمے کی آئندہ سماعت اگلے ماہ رکھی گئی ہے جس میں مزید دلائل دیے جائیں گے۔محمد یاسین ملک کو رواں برس 22 فروری کو سرینگر میں ان کے گھر سے گرفتار کرنے کے بعدکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت پہلے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کیا گیا تھا جہاں سے بعدازاں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے انہیں ایک جھوٹے مقدمے میں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں منتقل کیا۔ یاد رہے کہ سی بی آئی نے رواں ماہ کی 17 تاریخ کو آزاد ی پسند رہنما جاوید احمد میر کو بھی اسی مقدمے میں سرینگر میں گھر سے گرفتار کرنے کے بعد ٹاڈا عدالت میں پیش کیا تھا ۔