بھارت کیخلاف تاریخی فتح، کئی ریکارڈز پاکستان کے نام ہوگئے
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر پاکستان کو بھارت کیخلاف 10 وکٹ سے تاریخی فتح دلائی ۔ اس فتح میں پاکستان نے کئی ریکارڈز بنائے جبکہ بھارت کو بھی وہ سہنا پڑ گیا جو اس نے شاید کبھی سوچا بھی نہیں ہو۔دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 152 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کی بھارت کے کیخلاف پہلی فتح ہے ،ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت پہلی مرتبہ 10وکٹ سے ہارا ہے جبکہ پاکستان بھی پہلی ہی مرتبہ ٹی ٹوئنٹیز میں کوئی میچ 10 وکٹ سے جیتا ہے۔بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کیلئے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر بھارت کیخلاف کسی بھی ٹیم کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر ٹی ٹوئنٹیز کی سب سے بڑی شراکت بنادی۔یہ شراکت بھارت کیخلاف کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی بہترین شراکت تو پہلے ہی بن چکی تھی جب دونوں ٹیم کے 107 ویں رن کیلئے دوڑے ۔