وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکا اور برطانیہ کے سات روز دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکا اور برطانیہ کی یاترا کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے انہیں رخصت کیا ۔ روانگی سے قبل وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو سے گریز کیا اور صرف اتنا کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے روانگی سے قبل میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جبکہ دورہ امریکا میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے علاوہ کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں یہ باور کرایا کہ افغان جنگ میں پاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بنایا جا سکتا، امریکا کو یہ جنگ اپنے وسائل پر لڑنا ہو گی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر بھی بھرپور انداز میں اٹھایا تھا اور کشمیر میں جاری بھارتی ظلم وبربریت کو بے نقاب کیا تھا