سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوری وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا
نواز شریف لندن میں کتنا عرصہ قیام کریں گے ؟ شریف فیملی احتساب عدالت میں مقدمات کا سامنا کرے گی یا نہیں؟ کلثوم نواز کی کامیابی کے بعد کیا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تبدیل ہوں گے؟ سینیٹ سے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے بعد کیا نواز شریف دوبارہ پارٹی صدارت سنبھالیں گے؟؟ یہ وہ سوالات ہیں جن پر مشاورت کے لیے لندن میں لیگی قیادت نے سرجوڑے۔ اور بالآخر نواز شریف کی فوری وطن واپسی کا فیصلہ ہوا۔ جس کی سینئر لیگی رہنما مشاہد اللہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ نواز شریف کئی روز سے کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن میں موجود تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکا جاتے ہوئے لندن گئے۔۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی مشاورت کے لیے لندن پہنچے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے بڑوں کے درمیان مشاورت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ ہوا۔۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی بطور وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا امکان رد کر دیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی اسمبلی کی مدت پوری ہونے تک وزیراعظم برقرار رہیں گے. ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف وطن واپس کے بعد پارٹی کے اہم رہنماؤں کا اجلاس بلائیں گے۔ جس میں شریف فیملی کی احتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔سینیٹ سے منظور ہونے والے انتخابی اصلاحات بل کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔۔ جس کے تحت نواز شریف نااہلی کے باوجود پارٹی کی صدارت کر سکتے ہیں