دنیا کی دو بڑی معیشتوں چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ کا آغاز ہوگیا
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کی جانب سے چین کی دوسوارب ڈالر کی مصنوعات پر دس فیصد اضافی ٹیرف یعنی ٹیکس کا نفاذ آج سے ہورہا ہے۔ امریکہ نے چین سے آنیوالی کھانے پینے کی اشیا،کھیلوں کے سامان، ذرائے مواصلات میں استعمال ہونے والی اشیا اور انڈسڑی میں استعمال ہونے والی مشینری پر دس فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا ہے۔ دوسری جانب چین نے بھی امریکی معاشی حملے کے جواب میں امریکہ سے چین آنیوالے گوشت،کیمیکل،کپڑے اور آٹوپارٹس پر پانچ سے دس فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے لاگو ٹیرف آئندہ برس پچیس فیصد تک پہنچ جائیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کو تنبیہ کرچکے ہیں کہ اگر چین نے ٹیرف عائد کرنے پر مزاحمت جاری رکھی تو چین کی دو سوسڑسٹھ ارب ڈالر کی اشیا پر مزید ٹیکس لگا دیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ چین سے امریکہ کو گزشتہ برس پانچ سو چھ ارب ڈالر مالیت کی اشیا برآمد کی گئی تھیں۔